پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب میں پی سی بی پیسہ پانی کی طرح بہائے گا

0
471
PSL-2019
PSL-2019

کراچی(بول نیوز) پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کی افتتاحی تقریب14فروری کو دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں ہو گی،اس میں فلوریڈا سے تعلق رکھنے والے عالمی شہرت یافتہ پاپ اسٹار پٹ بل بھی پرفارم کریں گے۔

ذرائع نے بتایا پی سی بی انھیں اس کیلیے ساڑھے 7 لاکھ ڈالرز (10کروڑ سے زائد پاکستانی روپے) ادا کرے گا، اس میں ان سمیت پوری ٹیم کے مکمل اخراجات شامل ہیں،چند منٹ کی پرفارمنس کیلیے اتنی بھاری رقم ادا کرنے پر بعض فرنچائزز نے اعتراض بھی اٹھایا۔

ان کے مطابق چونکہ یہ پاکستان کی لیگ ہے لہذا اپنے ملک کے اسٹارز کو ہی مدعو کرنا زیادہ بہتر رہتا، کروڑوں روپے صرف ایک تقریب پر پھونکنا سراسر گھاٹے کا سودا ہے، بورڈ آفیشلز نے انھیں یہ جواز دیا کہ ایونٹ کی انٹرنیشنل مارکیٹ میں تشہیر کیلیے ایسے اقدامات ضروری ہیں۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ تاحال کسی بڑی عالمی کمپنی نے لیگ میں اسپانسر شپ نہیں کی ہے،فرنچائزز اسی لیے فیصلے پر حیران ہیں۔

چوتھے ایڈیشن کی افتتاحی تقریب میں بونی ایم گروپ کی مارسیا بیرٹ ، پاکستانی صوفی راک بینڈ ’’جنون‘‘ ، آئمہ بیگ اور شجاع احمد بھی پرفارم کریں گے ، فواد خان آفیشل سونگ گائیں گے، افتتاحی تقریب کے بعد ایونٹ کا پہلا میچ دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز کے مابین ہونا ہے۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ افتتاحی تقریب کے تمام اخراجات پی سی بی ہی برداشت کرتا ہے،البتہ  اخراجات بڑھنے سے منافع کی رقم کم ہو جاتی ہے۔


LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here